وسعتِ قلب بر سرزمینِ عشق
یہ سرزمینِ عشق ہے یعنی کربلا جہاں فرزندِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عشقِ خدا میں قربانیوں کی ہر حد کو پار کر لیا۔ سلطنتِ عشق کے بادشاہ حسین ؑ کے عراقی وفادار ان کے زائرین کی خدمت میں بےحد ہو جانا چاہتے ہیں۔ اس عجیب جذبے کی ایک مثال یہ عراقی نوجوان ہے۔ یہ عاشقِ حسین ؑ ایک لمبی قطار کو لوبیا چاول بانٹ رہا تھا کہ مجھ سے آگے کھڑے جوان زائر نے یہ کہتے ہوئے دو ڈبے اٹھا لئے کہ فیملی بھی ساتھ ہے۔ اس حرکت پر اس نے خفگی سے پوچھا کہ کتنے لوگ ہو؟ زائر نے بتایا کہ پانچ ہیں۔
یہ سن کر میزبان اور ناراض ہوا کہ پانچ ہیں تو دو کیوں لے کر جا رہے ہو اور پانچ ڈبے اوپر تلے دھر کے اسے تھما دیے۔ وہ آگے بڑھ گیا تو میں نے نمناک آنکھوں اور کانپتے ہاتھوں سے اپنا حصہ وصول کرتے ہوئے میزبان نوجوان کو دیکھا۔ جواب میں محبت بھری مسکراہٹ سے بھرپور وہی جانا پہچانا جملہ سننے کو ملا، پاکستانی مجنون!

