میری پیاری آپا جان کے نام

Print Friendly, PDF & Email

Letter writingاسلام علیکم میری پیاری آپا جان
امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گی اور آپ نہیں ہوں گی تو کون ہو گا اور بھائی فضل دین کیسے ہیں ان کو میرا سلام کہہ دیجئے اور ہاں ان سے کہیے گا جو انہوں نے ایک بوری بھٹے کی اور دو بوری شکر قندی بھیجی تھی وہ ذرا بھی مزےدار نہیں تھی مجھے تو پھیکی پھیکی لگ رہی تھی میں تو سوچ رہی تھی کہ چنو کے ابا سے کہہ کرکسی سبزی والے کے ہاتھ بکوادوں کہ اسی دوران میری تینوں افلاطون نندوں کی تشریف آوری ہوگئی ساتھ ان کے دھیڑ درجن بچوں کی بھی…. اللہ جھوٹ نہ بلوائے آپا… کمبخت ایسے ٹوٹ کے پڑے بھٹوں اور شکرقندیوں پر کہ جیسے اللہ مارے ہمارے سیاستدان قومی خزانے پر جھپٹے ہیں پل بھر میں چٹ اور ہمارا دالان جو کچھ دیر پہلے بنیےکا گودام لگ رہا تھا قومی خزانے کی طرح بھائیں بھائیں کر رہا تھا ۔میرے میکے سے آئے سامان کو تویہ لوگ مال مفت دل بے رحم سمجھتے ہیں ایسے ندیدے ہیں کمبخت جیسے سرکاری افسرحسے نئی نئی نوکری اللہ دتا ڈوگر(MNA )کی سفارش پر تازہ تازہ ملی ہو….. ہائے میری پیاری آپا ایسا دل دکھا کہ کیا بتاؤں تمہیں تو پتا ہی ہے مجھے اپنی میکے کی چیزوں سے کتنا لگاؤ اور محبت ہےچاہے وہ پھیکی سیٹھی ہی کیوں نہ ہو اور تم ہی تو میرا میکہ ہو ورنہ تو بھائیوں سے تو کوئی امید نہیں وہ تو اپنے بیوی بچوں کا نان ونفقہ ہی پورا کر لیں تو بہت ہے ۔بھائی تو ہمارے ایسے ہوگئے ہیں جیسے عوامی نمائندے جو الیکشن کا چاند نظر آتے ہی اور ووٹ لینے کے بعد ایسے غائب ہوتے ہیں جیسے…….. کے سر سے …….یہ دیکھو آپا جو لفظ مٹے مٹے سے ہیں یہ میرے آنسو ہیں جو شدت غم سے نکل پڑے پیاری آپا تم یہاں ہوتی تو تمہارے کندھے پر سر رکھ کر دل کی بھڑاس تو نکال لیتی ۔اور سناؤ اب کے تو سنا ہے کہ گنے کی فصل بہت شاندار ہوئی ہے خبروں میں سنا تھا ورنہ تم کہاں بتانے والی ہو تم تو یہی کہو گی کہ اب کے بارشوں میں بہت نقصان ہو گیاہے یہ تو بھائی جان ہی ہیں جو اپنی چھوٹی اکلوتی لاڈلی سالی کا خیال رکھتے ہیں تو آپا اس بار ڈنڈی مت مارنا گنے اور گڑ ضرور بھیجنا ۔آپا کیا بتاؤں تماری بہن کتنے ظلم سہہ رہی ہے تمہیں تو ابا جی نے اپنے زمیندار دوست کے بیٹے سے بیاہ دیا اور میں جو سب سے خوبصورت حسین اور دلکش تھی مجھے اپنی بہن کے دکان دار بیٹے کے سر منڈھ دیا ۔کیا کروں جو ماسٹر کیا ہوا ہے کون 18 گریڈ کے افسر لگے ہیں آخر کو ہیں تو کپڑے کے بیوپاری نا! ۔سچی آپا کتنا ترس ترس کر گذارا کرتی ہے تمہاری یہ بہن ۔آج تک کوئی ڈیزائنر سوٹ نہیں پہنا جب بھی فرمائش کرو تو دکان سے اٹھا لائیں گے سناسفیناز کی تیسری چوتھی کاپی ۔ہائے آپی مت پوچھو کیا گزرتی ہے میرے معصوم دل پر جب یہ چڑیل نندیں ہر دوسرے دن بن ٹھن کر مہنگے مہنگے کپڑےپہن کر میرے جی کو جلانے آجاتی ہیں اور ہماری ساس جو سگی پھپھی ان کا تو پوچھو ہی مت ہر وقت ایسے تیار رہتی ہیں جیسے چوتھی کی دلہن اور وہ جو ہمارے سسر روزانہ دکان سے آتے ہوئے بیگم کی پسند کی امرتی اور گجرے تو بلا ناغہ لانے ہوتے ہیں سسر صاحب کو اور بڑی بی بالوں میں گملے لٹکائے سارے محلے میں گھومتی ہیں میرا تو جی جل جل کہ خاک ہو گیا ہے اتنی سی عمر میں اتنے غم ۔آپا تمہیں تو پتا ہے تمہاری شادی میں تو گڑیوں سے کھیلتی تھی اور یہ چنو کے ابا تو اس وقت کالج میں تھے اتنی جلدی شادی کر دی ابا جی نے جلدی بچے ہو گئے۔اوپر سے یہ کمبخت موٹاپا چڑھتا ہی چلا گیا ورنہ تو میں تم سے کم سے کم دس سال چھوٹی ہوں میں ہاں تو میں بتا رہی تھی اپنی ساس کے نخرے ۔خالہ زبیدہ کی بیٹی کی نکاح میں بیوٹی پارلر سے تیار ہوئی تھیں محترمہ ۔شاکنگ پنک جوڑا ،بالوں میں گجرے نینوں میں کجرے لگا کر گئی تھی شادی میں ذرا تصور کرو کیسے لگ رہی تھیں بڑی بی ۔اور ایک ہم ہیں قسم سے پندرہ دن ہو گئے پالر کی شکل نہیں دیکھی نہ فیشل نہ کٹنگ نہ پیڈیکیور ۔شاہانہ بیوٹی پالر سے کتنے فون آگئے کہ باجی آپ کیوں نہیں آئیں آپ تو ہماری ریگولر کسٹمر ہیں لیکن یہ ساس نندیں….. …سکھ آرام برداشت ہی نہیں ہوتا ان سے تو……. ۔ہر دوسرے دن ان کا میکے میں پڑاؤ لازمی ہے اوپر سے ان کی روز کی فرمائش بھابھی حلیم بنا لیں بھابھی قورمہ بنا لیں آج تو آپ کی ہاتھ کی فرنی کھانے کا بہت دل چاہ رہاہےاور ان کی اماں جان نہال ہو ہو کر کہتی ہیں ہاں ہاں کیوں نہیں جو کہو گی وہی بنے گا ۔جی ہاں جیسے ان کے بیٹے نے تو باورچن رکھا ہے نا ہمیں اور بھائی کو تو دیکھتے ہی ایسے فرمائشی پروگرام شروع ہوتے ہیں جیسے یہاں کویت کے دینار برس رہے ہیں ۔بھیا آج تو پزا کا موڈ ہے بھیا آج تو زنگر کھانا ہے آج تو بریانی ہو جائے اور بھیا جی نہال ۔کل ہی کہا تھا میں نےکہ چلیں جی آج باہر کھانا کھاتے ہیں تو فوراً موسم کا خیال آگیا کہ ٹھیک نہیں ہے بارش کے موسم میں باہر کھانا نہیں کھاتے اور ابھی اپنی لاڈلی بہنوں اور ان کے ندیدے بچوں کو لے کر گئے ہیں اور میں دکھیاری گھر میں بیٹھی اکیلے ٹی وی دیکھ رہی ہوں ۔ہائے آپا اتنی پیاری ساڑھی باندھی ہے سندھیا نے ۔سندھیا کون ارے وہی بھابھو والے ڈرامے کی تم بھی تو دیکھتی ہونا ارے ڈرامہ بھی تو دیکھنا تھا نا کیسے چلی جاتی ان چڑیلوں کے ساتھ اب مزے سے ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر چکن برگر کھا رہی ہوں جو یہ میرے لئے چھپا کر لائے تھے ۔اچھے ہیں بےچارے اگر اماں بہن کے کہنے میں نہ آئے تو…… اور میری پیاری آپا تم نے جو چار ملتانی سوٹ بھیجے ہیں ان کے رنگ ذرا بھی اچھے نہیں ہیں اور کپڑا تو بےکار ہے نرا چھلنی ۔میرا تو دل ہی نہیں چاہ رہا سلوانے کا پر تم نے اتنے پیار سے بھیجے ہیں اس لئے سلوا لئے اب ایسا کرنا ذرا بھڑکتے رنگوں کے ملٹی کڑھائی والے پانچ چھ سوٹ بھیج دینا ہاں کپڑے ذرا دیکھ بھال کر لیناتمہیں تو ذرا پہچان نہیں ہے کپڑےکی ۔لاہور والی نند کو ساتھ لے جانا وہ بڑے اچھے فیشن کرتی ہے حالانکہ خود تو بس گوارہ ہی سے فیشن کرکے ذرا اچھی لگ جاتی ہے ارے آپایہ کیا پوچھ کیوں رہی ہو تمہارا اپنا گھر ہے جم جم سر آنکھوں پر لیکن دیکھونا پیاری آپا یہاں بھی یہ ظالم نندیں ہمارے ملن کے بیچ میں آگئیں ۔جون میں مری جانے پروگرام بنا لیا اب میں بے چاری دکھیاری کیا بولوں ان کے سامنے میں نے بھی ہامی بھر دی کہ چلو بچے ہی خوش ہو جائیں گے اورمیری پیاری آپا تم اداس مت ہونا تم آؤ یامیں …….ایک ہی بات ہے تو مری اسلام آباد سے ہو کر تمہاری طرف بھی آئیں گے تم بالکل اداس مت ہونا کم سے کم پندرہ دن رہوں گی میں اپنی آپا کے پاس خوب باتیں کریں گے تمہارے ہاتھ کے بنے مزے مزے کھانے کھائیں گے اور گھومیں گے یہ بچے تو ابھی سے اتنے ایکساٹڈ ہیں کہہ رہے ہیں خالاجانی سے خوب سارے گفٹ لیں گے یہ تمہارے بھانجا بھانجی بھی نا بہت شرارتی ہوگئے ہیں میں نے کہا بھی یہ خالاجان اور بھانجا بھانجی کامامعلہ ہے اب میں کیا بولوں ان کے بیچ تمہارے لاڈلے ہیں تم ہی نمٹنا ان سے۔آپا جانی یاد سے میری چیزیں تیار رکھنا میں خود ہی لے آؤں گی اب تم کہاں بھجواؤگی. بھائی میاں کو سلام میرے پیارے بھانجوں کو پیار سے چپت لگانا اور ہاں میری تینوں نندیں ان کے بچے اور میری ساس بھی ساتھ ہوں گی ذرا اچھا سا بندوبست کر لینا تمہاری لاڈلی بہن کی عزت کا سوال ہی ورنہ یہ چڑیلیں ساری زندگی طعنے ماریں گی انکو دینے کے لئے کچھ سستے سے ملتانی سوٹ منگوا کے رکھ لو بچوں کے لئے کھلونے اور انکی میاؤں کے لئے گھڑیاں کم لکھے کو زیادہ سمجھنا سلام تمہاری لاڈلی دکھی بہن ۔ درخشاں اشفاق

Views All Time
Views All Time
1134
Views Today
Views Today
2
یہ بھی پڑھئے:   میں چپ کیوں نہیں ہوسکتا - عامر حسینی

One thought on “میری پیاری آپا جان کے نام

  • 14/09/2016 at 8:59 صبح
    Permalink

    Kya khubsuret tahreer hy. Amazing. Kahni mn jaltereng bajny lagy hn. Kahin mn koi johal nahi hy. Qalm py mukmal gerifet. Khul k hansny ka moqa mila. Aapa,, congratulationFahmida ji

    Reply

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

%d bloggers like this: