اطہر ناسک کی دکھ بھر کہانی – رضی الدین رضی

Print Friendly, PDF & Email

razi-uddin-raziمجھے جھوٹ بولنے والے ایک آنکھ نہیں بھاتے۔میں ان کے ساتھ دو قدم بھی نہیں چل سکتا ۔ان سے دور بھاگتا ہوں اور دوستوں سے تو یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ آدھا بھی نہیں پورا سچ بولیں ،انتہائی شفاف دکھائی دیں اتنے شفاف کہ میں انہیں آرپا ر دیکھ سکوں ۔لیکن میں نے بارہا سوچا کہ دوستوں کی سچائی پر ایما ن رکھنے اور جھوٹ بولنے والوں کو سخت نا پسند کرنے کا باوجودمیں اطہر ناسک سے کیوں محبت کرتا ہوں ؟ہر مرتبہ اس سوال کا مجھے کوئی جواب نہیں ملا۔شاید اس لئے کہ محبت بلا جواز ہوتی ہے ۔خوبیوں ،خامیوں سمیت ہوتی ہے،عمر، رنگ، نسل اور مذہب کی تفاوت سے بالا تر ہوتی ہے ۔لیکن محبت تو سچ مانگتی ہے۔مکمل اور سفاک سچ۔تو پھر اطہر ناسک کے ساتھ مجھے کیوں محبت ہے کہ اس نے تو عمر بھرکبھی خود کومجھ پر منکشف ہی نہیں ہونے دیا ۔وہ تو مجھ سے جھوٹ بولتا تھا،سفید جھوٹ بولتا تھا۔اور اتنے اعتماد کے ساتھ بولتا تھا کہ مجھ میں اسے جھٹلانے کی کبھی جرأت ہی نہ ہوئی تھی۔اس لئے نہیں کہ مجھے کوئی خوف تھا کہ میں اسے جھٹلا ؤں گا تو اس کے ساتھ میرا تعلق ختم ہو جائے گا یا وہ برا مان جائے گا ۔ہر گز نہیں ،برا ماننا تو اس نے سیکھا ہی نہیں تھااور اسے جھٹلانے والا تو کوئی روئے زمین پر تھا ہی نہیں۔تو پھر میں اسے کیوں نہ جھٹلاتا تھا۔بس نہیں جھٹلاتا تھا،مجھے وہ جھوٹ بولتا اچھا لگتا تھا ،میں اس کے جھوٹ کا عادی ہو گیا تھا ۔وہ کبھی سچ بھی بولتاتو اس پر جھوٹ کا ہی گمان ہوتا تھا۔جیسے پہلے پہلے جب اس نے ہمیں یہ بتایا کہ اسے کینسرنے گھن کی طرح چاٹنا شروع کر دیا ہے تو ہمیں اس کی بات پر اس وقت تک یقین نہ آیا جب تک یہ خود اپنے ویران چہرے اور خزاں رسیدہ بدن کے ساتھ ہمارے روبرو نہ آگیا۔
اس کے جھویوں تواور بھی بہت سے لوگ ہیں جن کے جھوٹ کے ہم عادی ہو چکے ہیں لیکن ہم انہیں نا پسند کرتے ہیں ۔تو پھر ناسک مجھے کیوں اچھا لگتا تھا؟اس کا جھوٹ بولنا مجھے ناگوار کیوں نہ گزرتا تھا۔ اب اس کے رخصت ہونے کے بعد اس نقطے پر غور کیا تو اس نتیجے پر پہنچا کہ وہ اپنی تمام تر دروغ بیانیوں کے باوجود مجھے اس لئے اچھا لگتا تھا کہ وہ انتہائی سچائی اور خلوص کے ساتھ جھوٹ بولتا تھا اوراپنا دروغ کسی راوی کی گردن پر بھی نہیں ڈالتاتھا۔اب آپ یہ کہیں گے کہ سچائی اور خلوص کے ساتھ جھوٹ بولنا کیا ہوتا ہے؟میں کیا بتاؤں کیا ہوتا ہے۔ میں نے اطہر ناسک کے سواکوئی ایسا دیکھا ہی نہیں کہ جھوٹ بولنا جس کی خامی نہ ہو خوبی بن جائے ۔وہ سچائی کے ساتھ جھوٹ بولتا سو اچھا لگتا تھا،برے وہ لگتے ہیں جو ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں ۔اس کا جھوٹ کسی اور کو نقصان نہیں پہنچاتاتھا،نشانہ اس کی اپنی ہی ذات ہوتی تھی۔اور اس نے خود کو اتنی کثرت کے ساتھ نشانہ بنایاکہ اندر سے لہو لہان ہو گیا۔اس نے زمانے کی تلخیوں اور کڑواہٹ کوسچے جھوٹ کے ذریعے اپنے وجود کا حصہ بنایا اور اس طرح حصہ بنایا کہ وہ زہرپھر اس کی رگوں میں دوڑنے لگا اور وہ ایسا ظالم کہ رگوں میں دوڑنے پھرنے کا توقائل ہی نہیں تھاکیلنڈر سامنے رکھ کر لہو کے ٹپکنے کا انتظار کرتا رہا۔
انتظار بہت اذیت ناک عمل ہے۔کسی کی راہ تکنا،روز دروازے کی جانب آنکھ اٹھا کر دیکھنا،کسی چاپ کا منتظر رہنا،ہر آہٹ پر کان دھرنا،ہر کھٹکے پر لپک کر جانا اور پھر مایوس ہو کر واپس لوٹ آنا۔اتنا انتظار کرنا کہ آنکھیں پتھرا جائیں اور چاپ بھی چاپ نہ رہے دھمک میں تبدیل ہو جائے۔ہم سب عموماً زندگی کی خاطر انتظار کے اذیت ناک عمل سے گزرتے ہیں ۔محبوب کا انتظار کرتے ہیں کہ وہ ہمارے لئے زندگی کی نوید لائے ۔کسی خوشبو کا انتظار کرتے ہیں کہ وہ ہمارے مرتے ہوئے وجود کو معطر کر کے اس میں جیون بھر دے ۔کسی اچھی ساعت کا انتظار کرتے ہیں جو بہار بن کر آئے اور ہمارے پت جھڑ موسموں کو گُل و گلزار کر دے۔خوبصورت چہروں ،موسموں اور ساعتوں کا یہ انتظار ہی اتنا کرب ناک ہوتا ہے کہ ہم ریز ہ ریزہ ہو کر بکھرنے لگتے ہیں۔اس طرح کرچی کرچی ہوتے ہیں کہ پھر وہ اچھی ساعتیں اگرآ بھی جائیں تو ہماری کرچیاں نہیں سمیٹ سکتیں۔زندگی کا انتظار اس قدر اذیت ناک ہے تو موت کی راہ تکنا کتنا خوفناک اور روح کو گھائل کر دینے والا ہو گا ،اس کا تو تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔جیتے جی مر جانے والے جب انتظار کی اس کیفیت سے گزرتے ہیں تو پھر ان کے لئے جیون بے معنی ہو جاتا ہے ۔چہرے ،موسم ،ساعتیں ،رنگ ،خوشبوئیں اور دھڑکنیں اکارت جاتی ہیں۔وہ موت سے زندگی کی تلاش شروع کرتے ہیں اور جیون کی بے معنویت پر اتنی زور سے قہقہہ لگاتے ہیں کہ ان کی آنکھوں کے خواب ان کے رخساروں پر کوئی نام رقم کرتے ہیں اوروہ نام بھی زندگی کا نہیں ہوتا۔ایسا ہی ایک قہقہہ 11نومبر 2012ء کی دوپہر اطہر ناسک نے میو ہسپتال لاہور کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں لگایا اور ہمیشہ کے لئے دکھوں سے آزاد ہو گیا۔موت اس کی زندگی کا شاید پہلا اور یقیناًآخری سچ ہے۔
athar-nasikاطہر ناسک زندگی کی خوشگوار ساعتوں میں مجھے سب سے پہلے روزنامہ ’’سنگِ میل‘‘ کے دفتر میں ملا تھا ۔یہ 1980ء کی بات ہے ۔ناسک وہاں بچوں کے صفحے کا انچارج تھا اور میں بچوں کے لئے اگاتھا کرسٹی کے ایک جاسوسی ناول کاقسط وار ترجمہ لے کر اس کے پاس گیا تھا ۔وہ زندگی اور موت کے کھیل کی ایک پراسرار کہانی تھی ۔اگاتھا کرسٹی کے اس ناول کے ذریعے ہی میری اطہر ناسک کی بھیدوں بھری زندگی سے آشنائی ہوئی ۔ اسے قسطوں میں موت کے منہ میں جاتے دیکھاتو مجھے وہ قسط وار کہانی یاد آگئی ۔وہی زندگی اور موت کے کھیل والی پراسرار کہانی۔اور اس کے جیون کی کہانی، جو اگاتھا کرسٹی کے اسی ناول کی طرح پراسرار ہے لمحہ لمحہ قاری کو حیرت زدہ کرتی ہے جیسے اطہر ناسک عمر بھرسب کو حیران کرتا رہا ۔میں اس کا دوست رہا اس کے بارے میں بہت کچھ جاننے کا دعویٰ کرتا رہا لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں اس کے بہت قریب رہنے کے باوجود اس کے بارے میں سب کچھ نہیں جانتا تھا۔اس نے مجھ سمیت تمام دوستوں کی مشکلات تو آسان کیں لیکن ہمیں اپنی بہت سی مشکلات سے بے خبر ہی رکھا۔لوگ دوستوں کو بے خبری میں مار دیتے ہیں ،اطہر ناسک دوستوں کو بے خبر رکھ کر خود مر جانے کے ہنر سے آشنا تھا۔اور جو خود مر جانے کے ہنر سے آشنا ہو اسے موت بھی نہیں مار سکتی۔
اطہر ناسک اور میں بہت سے اچھے برے موسموں کے ساتھی رہے ۔لاہور میں اس کی رفاقت میں گزرے دو سال میری زندگی کا حسین اثاثہ ہیں اور اس اثاثے میں طفیل ابنِ گُل اور اختر شمار کی محبتیں بھی شامل ہیں ۔میں نے 1986-87ء میں طفیل اور اطہر کے ساتھ دو سال ایک ہی چھت تلے بسر کئے ۔موہنی رو ڈپر واقع حیدر بلڈنگ کے تنگ و تاریک کمرہ نمبر 52نے ہم تینوں کو قبر کے خوف سے بے نیاز کر دیا ۔غربت کے اس دور ہم ایک دوسرے کے دکھ درد کے ساتھی بنے ۔خوشیاں تو اس زمانے میں ہمیں کم ہی میسر تھیں ۔کوئی چھوٹی سی آس ،کوئی امید ،کوئی نوید کبھی دکھائی یا سنائی بھی دیتی تو بس چند لمحوں یا ساعتوں کے لئے ۔لیکن ہم ان دکھوں سے ہی اتنی مسرت کشید کر لیتے کہ رائیگانی کا احساس ختم ہو جاتا تھا ۔ خوشیاں ہمیں عموماً اطہر ناسک کی وجہ سے ملتی تھیں۔وہ پردیس میں ہمارے لئے بہت سی آسانیاں پیدا کرتا تھا ۔ہمارا ہی نہیں وہ اور بہت سے دوستوں کا بھی مسیحا تھا۔کسی کو اپنی ملازمت داؤ پر لگا کر نوکری دلواتا تو کبھی اپنی تنخواہ سے کچھ رقم پس انداز کر کے کسی کے کالج یا یونیورسٹی کی فیس اد کرتا۔ان بہت سی خوبیوں اور بے تکلفی کے با وجودہم تمام دوستوں کو ہمیشہ یہی گلہ رہا کہ وہ ہمیں اپنے بارے میں لا علم رکھتا ہے۔ہمیں اس کے بارے میں اس کی زبانی جو کچھ بھی معلوم ہوتا وہ کبھی نہ کبھی کسی نہ کسی مقام پر غلط ثابت ہو جاتا تھا۔وہ اس زمانے میں بھی اکثر لاپتہ ہو جاتا تھا ۔پھر وہ ایک آدھ ہفتے بعد نمودار ہوتاہمیں کوئی اچھی سی خوشبو دار کہانی سناتا،رشوت میں سگریٹ پلاتا،کھانا کھلاتااور پھر کھانے کی میز کو اپنی کہانیوں سے مزید معطر کرتا۔ہم ان کہانیوں کو بہت غور سے سنتے تھے ۔ہم جانتے تھے وہ جو کچھ سنا رہا ہے درست نہیں ،جو کچھ بتا رہا ہے اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں لیکن پھر بھی ہم اسے بہت توجہ سے سنتے تھے ۔بہت دیر تک اور بہت دور تک سنتے تھے ۔میو ہسپتال کے قریب ’’امروز‘‘ کے دفتر سے رات کے کسی پہرطفیل ابنِ گُل کے ہمراہ جب ہم پیدل بھاٹی کی جانب روانہ ہوتے تو مسافت آسان کرنے کے لئے طفیل ابنِ گُل اطہر ناسک سے کوئی سوال کر دیتا،کوئی قصہ چھیڑ دیتا۔پھر اطہر ناسک فلمی انداز میں کوئی کہانی ،کوئی قصہ شروع کرتا۔تمام تر جزئیات اور منظر نگاری کے ساتھ ۔ہم خاموش سر کو جھکائے اچھے بچوں کی طرح اس کے ساتھ چلتے۔کوئی مداخلت بھی نہ کرتے کہ کہیں اس کے جھوٹ کا تسلسل نہ ٹوٹ جائے ۔کہ جھوٹ کا لطف ہی تب آتا ہے جب اس میں ایک قرینہ ہو،ایک بنت اور تسلسل ہو۔ہاں کہانی کے کسی موڑ پر جب ضبط کی انتہا ہو جاتی تو طفیل کوئی لحاظ کئے بغیر بے اختیار ہنسنے لگتا۔وہ ہنستا ہنستا دوہرا ہوتا،کانوں کو ہاتھ لگاتا اور اور اطہر ناسک کے آگے ہاتھ جوڑ دیتا۔
’’سید بادشاہ ۔اللہ کا نام لے،کوئی خدا کا خوف کر،یار یہ کیا کہہ رہا ہے؟‘‘
اطہر ناسک سگریٹ کا لمبا کش لے کر دھواں فضا میں پھینکتا اور اتنی سنجیدگی کے ساتھ’’آپ سنیں تو سہی ،میں درست کہہ رہا ہوں ‘‘کہتا کہ ہم ایک بار پھر کھلکھلا کر ہنستے اور اس کی کہانی کو سچ مان لیتے۔
ہم نے اس کی بہت سی باتوں پر یقین کیا اور اتنا یقین کیاکہ ہم اس کے حوالے سے گمان کی حدوں سے آگے نکل گئے۔ہم نے سنجیدگی کے ساتھ سوچنا شرو ع کیا کہ اگر یہ شخص اپنے جھوٹ سے کسی کو نقصان نہیں پہنچاتا،کوئی فائداہ نہیں اٹھاتا،جھوٹ اپنی برتری ثابت کرنے یا کسی کو نیچا دکھانے کے لئے نہیں بولتاتو پھر اس نے اپنی ذات کو بھید کیوں بنا رکھا ہے؟ کئی پردوں میں کیوں چھپا رکھا ہے؟نتیجہ یہ نکلا کہ شاید وہ کسی کواپنے دکھوں میں شامل نہیں کرنا چاہتا۔وہ کسی دوست کو اس قابل ہی نہیں سمجھتا کہ اس کے آگے اپنا سب کچھ بیان کردے یا پھر شاید وہ زندگی کے ابتدائی دور میں ہی اتنے تلخ تجربات کا شکار ہواکہ اس نے یہ فیصلہ کر لیا کہ وہ کسی کو اپنے کسی بھید یا دکھ میں شریک نہیں کرے گا کہ لوگوں کو دکھوں میں شریک کرنا بے معنی ہوتا ہے۔لوگ تو صرف تماشائی ہوتے ہیں آپ کے دکھوں سے لطف اٹھاتے ہیں اور پھر رخصت ہو جاتے ہیں۔اطہر ناسک کی تمام عمر مشقت سے عبارت تھی۔اس نے جوانی کے سنہرے دن صحافت کو دئے لیکن اخبار کے لئے سنگل کالم کا بھی حق دار نہ ٹھہرا۔اس نے شعر کہے،لوگوں کو صاحبِ دیوان بنایا اور اپنی بیاضِ شعر کے اوراق پھاڑ کر انہیں کشتیوں کی صورت بہتے پانی کی نذر کر دیا ۔فلم انڈسٹری کی جانب گیا لیکن وہ بھی اس کے معیار پر پورا نہ اتری۔یکے بعد دیگرے چار شادیاں کیں ۔تو کیا اسے واقعی کہیں سے محبت نہ مل سکی ؟۔ایسا بھی نہیں ہے ۔اسے ٹوٹ کر چاہا گیا اتنا چاہا گیا کہ پھر وہ خود ٹوٹ گیا۔مجھے تو یوں لگا جیسے اس کا مَن ایک لق و دق صحرا میں تبدیل ہو چکا ہے کہ محبت کی جتنی بھی بارش ہو جائے اس کی پیاس نہیں بجھا سکتی۔زندگی سے لڑتے لڑتے آخری لڑائی اس نے اپنی ذات سے لڑی۔اس کے تین بھائیوں کو کینسر نے نگلا تو اس نے اپنے استاد بیدل حیدری کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنی موت کی پیش گوئی کر دی۔پھر ایک روز معلوم ہوا کہ اسے واقعی کینسر ہو گیا ہے۔کسی دوست کے بارے میں ایسی خبر تو کسی راست گو کی زبانی بھی معلوم ہو تو جھوٹ کا گمان ہوتا ہے اور یقین کرنے کو جی نہیں چاہتا۔بھلا اطہر ناسک کی زبانی ایسی خبر کا یقین کون کرتا اور کیونکر کرتا۔فیس بک پر یہ خبر پڑھ کر ڈاکٹر انوار احمد نے لکھا ’’اطہر ناسک میں تمہاری گپوں سے ہمیشہ لطف اندوز ہوتا ہوں۔کہہ دو کہ اس مرتبہ بھی تم گپ ہانک رہے ہو‘‘۔عطاء الحق قاسمی نے خبر سنی تو بے یقینی کے عالم میں سوال کیا کہ کیا واقعی یہ خبر درست ہے ۔ان کا کہنا تھا ناسک کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے اس بار بھی جھوٹ ہی بول رہا ہو گا ۔لیکن عطاء الحق قاسمی اورڈاکٹر انوار احمد کو بھی ہماری طرح معلوم نہیں تھاکہ اس مرتبہ کہانی اطہر ناسک نے نہیں سنائی۔کہانی کہیں اور سے سنائی جا رہی تھی۔و ہ جو کئی ماہ تک اپنے فون بند کرنے کے بعد کسی نئی شادی کے ساتھ نمودار ہوتا تھااس مرتبہ فون بند کر کے موت کو بیاہنے گیا تھا۔
وہ ایک طویل مدت کے بعد تین سال پہلے ہمیں ملا تھا ۔ اس دوران اس کے بارے میں متضاد اطلاعات ملتی رہیں ۔کبھی کسی نئی شادی کی خبر ملتی تو کبھی معلوم ہوتا کہ وہ پرئز بانڈ کے نمبر دینے والا بابا بن گیا ہے۔طویل غیر حاضری اور محکمانہ چپقلشوں کے نتیجے میں اس کی نوکری ختم ہو چکی تھی ۔اخترشمار ان دنوں لاہور میں تھا وہ اس کے ساتھ بھی رابطے میں نہیں تھا ۔پھر ایک روز ناصر بشیر نے کسی ٹرین میں اسے دیکھا اس نے داڑھی رکھی ہوئی تھی اور چولا پہن رکھا تھا ۔ہر جمعرات کو شام نگر کے ایک دربار پر قوالیاں کرانے کا سلسلہ تو اس نے اپنے والد کے انتقال کے فوراًبعد شروع کر دیا تھا ۔ادب ، شاعری ، صحافت ۔۔ اس نے سب کچھ ترک کر دیا۔چار شادیوں نے اور تین بچوں نے اسے جن مالی مشکلات کا شکار کیا ان سے نمٹنے میں ادب اور صحافت تو اس کی مدد نہیں کر سکتے تھے ۔اسی دوران وہ ملتان آیا تو اختر شمارنے مجھے مخبری کر دی ۔ ’’وہ ملتان میں ہے ۔۔ تم اس سے رابطہ کرو اور اس کا حال معلوم کرو۔۔سنا ہے وہ مقروض ہو چکا ہے اور لوگوں سے ملتا بھی نہیں ۔۔اس نے فون نمبر بھی ارسال کردیا‘‘دو چار مرتبہ رابطوں کے بعد اس نے فون اٹینڈ کر لیا ۔ میں اسے ملنے کے لئے قدیر آباد پہنچا ۔ وہی گھر جہاں میں 1980ء میں پہلی بار اس سے ملنے گیا تھا اور جس کی بیٹھک میں اس نے ماہنامہ’’بچوں کا گلاب ‘‘کا دفتر بنا رکھا تھا ۔اس کے بھائی طاہر نے دروازہ کھولا اور میرے استفسار پر اطہر ناسک کی ملتان موجود گی سے انکار کر دیا۔’’میری ابھی اس سے بات ہوئی ہے وہ گھر میں ہی موجود ہے ۔آپ اسے میری آمد کا بتائیں ‘‘۔کچھ دیر بعد ناسک گھر سے باہر آگیا ۔لیکن یہ تو وہ ناسک نہیں تھاجسے میں تلاش کر رہا تھا ۔کمزور، اور ناتواں اطہرناسک نے پیٹ پر ہاتھ رکھا ہوا تھا ۔قمر اس کی جھکی ہوئی تھی اور درد سے کراہتا تھا ۔وہ مجھے اندر لے گیا اسی بیٹھک میں جہاں کبھی ’’بچوں کے گلاب‘‘کا دفتر ہوتا تھا ۔وہ چارپائی پر لیٹا اور مجھے کہانی سنانا شروع کر دی ۔’’نہ سناؤ مجھے کہانی ۔۔اب تو حقیقت بتا دو ۔ اب تو سب کچھ برباد ہونے جا رہا ہے‘‘اس نے مخصوص قہقہہ لگایا اور بولا ’’میں نے مرنا نہیں ۔۔میں اس کینسر کا مقابلہ کروں گا ۔ابھی میں نے بہت سے کام کرنے ہیں ‘‘’’ہاں ہم تمہیں مرنے نہیں دیں گے ‘‘میں نے اس کا سرد ہاتھ اپنے ہاتھوں میں لیا تو وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔اسی رات میں شاکر حسین شاکر سے ملا اور اسے سارا احوال سنا ڈالا۔خالد مسعود خان نے کہا ہم پنجاب حکومت کے ذریعے اس کا علاج کراتے ہیں ۔نشتر ہسپتال میں کینسر وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز مسعود سے ٹائم لیا گیا ۔ اور اگلے روز جب ملاقات کا وقت ہوا تو ناسک غائب ہو گیا اور اس نے فون بند کردیا۔پھر اسی برس جنوری میں آصف بھلی کے ایک کالم کے ذریعے اس کی خبر ملی ۔ وہ ملازمت پر بحال ہو کرروجھان کالج میں تعینات تھا کہ بحالی ہوئی اسی شرط پر تھی کہ اسے کسی دور افتادہ کالج میں تعینات کیا جائے گا۔
جنوری کی ایک ٹھٹھرتی شام وہ روجھان سے ملتان پہنچا تو مجھ سے پہلے مسعود کاظمی اس کے استقبال کے لئے موجود تھے۔ناسک مزید ناتواں ،اس کے ہاتھ مزید سرد اور قہقہہ اور حوصلہ پہلے سے بھی بلندتھا۔ہم سب کینٹ کے ایک ہوٹل میں جمع ہوئے،قمر رضا شہزاد، شاکر حسین شاکر، نوازش علی ندیم سب آگئے۔ناسک کو علاج کے لئے رضامند کیا گیا ،شرط اس کی وہی تھی کہ میں آپریشن نہیں کراؤں گا۔کینسر کے آپریشن نے اس کے بھائی کی جان لے لی تھی جس کی بیوہ کے ساتھ اس نے بعد ازا ں نکاح کر لیا کہ شاید اُس کے بچوں کی وہ اسی صورت کفالت کر سکتا تھا۔فیصلہ ہوا کہ ناسک کے علاج معالجے کے لئے بھر پور کوششیں کی جائیں اور اس حوالے سے ایک بھر پور مہم بھی چلائی جائے ۔مصر میں اختر شمار سرگرم ہوئے تو ان کے ساتھ آسٹریلیا میں سعید خان اور نوشی گیلانی ، امریکہ میں شکیل سروش اور بہت دوسرے بھی میدان میں آگئے ۔ملتان میں سخنور فورم کے زیرِ اہتمام آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک میں 26جنوری کوایک شامِ پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ ملتان میں ناسک کی زندگی کی یہ آخری تقریب تھی۔ وہ 1986ء کے بعد پہلی بار ملتان کی کسی ادبی تقریب میںآیا تھا۔ادیب ، شاعر ، صحافی سب جمع ہوئے ۔ناسک کو گلدستے پیش کئے گئے ۔وہ اس تقریب میں ہنسا بھی بہت اور رویا بھی بہت۔استاد بیدل حیدری کے بہت سے واقعات سنائے ، طفیل ابنِ گُل اور اختر شمار کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات کا ذکر کیا ،اپنے بچپن کے واقعات سنائے اور ساتھ میں یہ اعلان کہ میں آخری سانس تک کالج میں پڑھاتا رہوں گا۔اس تقریب کی بازگشت ملک بھر میں سنائی دی ۔امجد اسلام امجد،اجمل نیازی، سعداللہ شاہ ، سجاد جہانیہ سمیت کئی کالم نگاروں نے اپنے کالموں کے ذریعے حکمرانوں کی توجہ ناسک کی حالتِ زار کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کی ۔مطالبہ کیا گیا کہ ایک شاعر موت کے منہ میں جا رہا ہے اس کے علاج پر توجہ دی جائے ۔لیکن حکمرانوں کی ترجیحات میں ایک شاعر بھلا کیسے جگہ پا سکتا تھا ۔ان کالموں اور عطاء الحق قاسمی صاحب کی کوششوں سے صرف اتنا ہوا کہ ناسک کا روجھان سے خانیوال تبادلہ کر دیا گیا ۔ناسک اس دوران لمحہ لمحہ موت کی جانب بڑھتا رہا اور آخر 11نومبر کو وہ اس اذیت سے ہمیشہ کے لئے نجات پا گیا ۔اسی شب اسے اس کے گھر کے قریب ہی اس کے تین بھائیوں کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا ۔اس جہان میں خلوص اور سچائی کے ساتھ جھوٹ بولنے والا ایک ہی تو شخص تھا وہ بھی چلا گیا ۔موت اس کی زندگی کا سب سے بڑا سچ ثابت ہوئی کہ اس سے بڑا سچ اور ہے بھی تو نہیں

Views All Time
Views All Time
695
Views Today
Views Today
1
یہ بھی پڑھئے:   قرۃ العین طاہرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

%d bloggers like this: