یمن – جنازے پر بمباری سے 140 سے زائد ہلاکتیں

Print Friendly, PDF & Email

yemen-2اقوامِ متحدہ کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک جنازے کے اجتماع پر ہونے والے فضائی حملے میں 140 سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

یمن میں اقوامِ متحدہ کے سینئر اہلکار جیمی میکگولرک نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور اسے ہولناک قرار دیا ہے۔

باغی حکام نے نے اس حملے کی ذمہ داری سعودی عرب پر عائد کی ہے جو اتحادی فوج کی کی مدد سے ایک سال سے زاید عرصے سے شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کر رہا ہے تاہم سعودی اتحاد کی جانب سے اس حملے کے الزام کو مسترد کر دیا گیا ہے۔

ادھر امریکہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کا سعودی عرب سے سکیورٹی تعاون ’بلینک چٹ‘ نہیں ہے۔

وائٹ ہاؤس کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ’ہم اپنی مدد کو امریکی اصولوں، اقدار اور فائدے سمیت یمن میں ہولناک جنگ کے خاتمے کے حصول کے لیے مواقف بنانے کے لیے تیار ہیں۔‘

سعودی عرب کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف اتحاد میں یمنی حکومت بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب یمن میں ایک سال سے زائد عرصے سے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے جس میں چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:   سرگودھا:خواجہ سراؤ ں کو زبردستی ہنر مندی کی تربیت

یمن سے متعلق اقوامِ متحدہ کی پالیسی کو بھی انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

دو ماہ قبل یمن میں بین الاقوامی امدادی اداروں کےلیے کام کرنے والوں کارکنوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے بچوں اور عورتوں پر ظلم کرنے والوں کی فہرست میں سے یمن پر حملہ آور سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا نام خارج کیے جانے پر شدید رنج اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے یمن کے لوگوں کے ساتھ صریحاً زیادتی قرار دیا تھا۔

یمن میں حوثی باغیوں کی حکومت کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے فضائی حملے میں کم از کم 500 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حوثی باغی یمنی حکومت کے خلاف برسرِ پیکار ہیں اور یمنی حکومت کی مدد سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی فوج کر رہی ہے۔

yemenانٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ اس نے 300 کفن تیار کر لیے ہیں۔

جنازے کی رسومات ایک ہال میں ادا کی جا رہی تھیں جب یہ فضائی حملہ کیا گیا۔ اس ہال کے اندر اور باہر انسانی اعضا بکھرے پڑے ہیں۔

ایک شخص نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ اس جگہ پر ‘خون کی نہر’ بہہ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:   طارق فاطمی کی امریکی سینیٹرز کو دورہ پاکستان کی دعوت

حکام کے مطابق حوثی باغیوں کے وزیر داخلہ کے والد کا جنازہ تھا جس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس فضائی حملے میں حوثی باغیوں کے متعدد فوجی اور سکیورٹی افسران ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر عبدالرب منصور کی حکومت حوثی باغیوں اور صالح کی حمایتی فوج کے ساتھ لڑ رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق مارچ میں سعودی عرب کی اتحادی فوج کی جانب سے فضائی کارروائیوں میں ہزاروں شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

بشکریہ: بی بی سی اردو

Views All Time
Views All Time
2580
Views Today
Views Today
1

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

%d bloggers like this: