نئی فلمیں | دردِ جمہوریت کمپنی کی وارداتیں، پنجابی کامریڈ ان ٹربل

Print Friendly, PDF & Email

فلم :دردِ جمہوریت، فلم ساز :اتفاق گروپ آف کمپنیز۔ ہدایات   :دانیال عزیز، کہانی: نہال ہاشمی، موسیقی:  استاد مجیب الرحمان شامی، گلوکاران :مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق۔ مکالمے: مریم نواز۔ ستارے :کامریڈ نوازشریف باغی، راجہ ظفرالحق، پروفیسر احسن اقبال، حاصل بزنجو، فضل الرحمان، رانا ثناء اللہ،مریم نواز، بلال یٰسین، ایاز صادق، خواجہ شریف، رانا مقبول، ماروی میمن، کشمالہ طارق، طلال چودھری۔ مہمان اداکار: شہباز شریف، محمود اچکزئی، امتیاز عالم، عرفان صدیقی، خورشید ندیم

فلم :کمپنی کی وارداتیں، فلم ساز :نامعلوم افراد، ہدایات:  آصف علی زرداری، کہانی: ماما اسٹیبلشمنٹی۔ موسیقی:  چاچا غفور۔گلوکاران: قمرزمان پردیسی، جھورا ڈوئی، مولا بخش چانڈیو۔ ستارے: آصف زرداری، بلاول بھٹو، عمران خان، صادق سنجرانی، شیریں رحمٰن، چودھری سرور، رحمان ملک، امام دین شوق، سلیم مانڈوی والا،  مرتضیٰ وہاب۔ مہمان اداکار: قدوس بزنجو، مراد علی شاہ۔

فلم: پین دی سری، فلم ساز: شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، ہدایات: زعیم قادری، معاون فلم ساز: چاچا غفور، کہانی: بچہ جمہورا، موسیقی: پیر افضل قادری، مکالمے: آصف جلالی، ستارے: خادم رضوی، افضل قادری، آصف جلالی، حنیف قریشی، پیر سیالوی وغیرہ وغیرہ، مہمان اداکار: نثار جٹ

فلم: رانی آف جاتی امراء، فلم ساز، ہدایات و کہانی: نواز شریف، موسیقی: شہباز شریف، مکالمے: چودھری شیر علی، ستارے: مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، عابد شیر علی، طلال چودھری، زعیم قادری، عظمیٰ بخاری، رانا افضل، مشاہد اللہ، مشاہد حسین سید، مہمان اداکار: شاہد خاقان عباسی، امیر مقام، پیر صابر شاہ، جسٹس (ر) خلیل الرحمان رمدے

فلم: پنجابی کامریڈ ان ٹربل، فلم ساز: کامریڈ حسن نواز، ہدایات: امتیاز عالم، کہانی: پرویز رشید، موسیقی: مریم اورنگ زیب، ستارے: پرویز رشید، نہال ہاشمی، مشاہد حسین سید، رانا ثناء اللہ خان، وجاہت مسعود، حسن نثار، خرم دستگیر، خواجہ آصف، مہمان اداکار: نواز شریف، شہباز شریف، رانا محمودالحسن، سینیٹر کرمانی

یہ بھی پڑھئے:   لالٹین کی روشنی

فلم: ملا ملٹری الائنس پارٹ ٹو، فلم ساز: منصورہ گروپ و نامعلوم افراد، کہانی و ہدایات: فضل الرحمٰن، موسیقی و مکالمے: سینیٹر ساجد میر، ستارے: فضل الرحمٰن، ساجد نقوی، ساجد میر، عبدالغفور حیدری، رمضان توقیر، لالہ سراج الحق، لیاقت بلوچ، انس نورانی

فلم: ملاگردی، فلم ساز: طاہر اشرفی، ہدایات: عبدالخبیر آزاد، موسیقی: مولوی حسین احمد، مکالمے: مولوی خادم حسین، ستارے: طاہر اشرفی، زاہد قاسمی، راغب سرفراز نعیمی، خصوصی تعاون: اسلامی نظریاتی کونسل، مہمان اداکار: مولانا سمیع الحق

مندرجہ بالا فلموں میں سے دردِ جمہوریت اور کمپنی کی وارداتیں ملک بھر میں زیرِ نمائش ہیں۔ جبکہ رانی آف جاتی امراء ، پنجابی کامریڈ ان ٹربل، ملا ملٹری الائنس پارٹ ٹو اور ملاگردی کی ریکارڈنگ جاری ہے۔ اس کے علاوہ آؤ عقیدہ عقیدہ کھیلیں شوکت صدیقی کی کہانی ہے۔ چاچے رحمتے دا انصاف اور مجھے کیوں نکالا کی کہانیاں لکھوانے کے لئے فلم سازوں نے عرفان صدیقی اور وزیرآبادی استرے سے رابطہ کیا ہے۔ ہمارے شوبز رپورٹر کے مطابق طلعت حسین اور سہیل وڑائچ مشترکہ طور پر جمہوریت کا اغواء کے نام سے فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ عمران خان نے پیر آف بنی گالوی کی کہانی لکھنے کے لئے خلیفہ ہارون الرشید کو ٹھیکہ دے دیا ہے۔

فلمی دنیا سے باہر نکل کر سیاست کے کوچے میں چلتے ہیں جہاں سینٹ انتخابات کے بعد گرما گرمی کا سماں ہے۔ 70 سال سے چھوٹے صوبوں اور اقوام کو غلام بنا کر رکھنے والی پنجابی اشرافیہ کے جاتی امراء گروپ کے ایک دھڑے کو اسٹیبلشمنٹ  کی طرف سے عاق کئے جانے کے بعد بہت سارے پنجابی کامریڈ  منہ بھر کے سابق مالک کو کوس رہے ہیں اور چند ایک کا خیال ہے کہ بنگلہ دیش کی طرح پنجاب کو بھی آزادی حاصل کرنی چاہیے۔ دوسری طرف ہمارے مہربان ڈاکٹر عباس برمانی کے استاد اللہ بخش زخمی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سلسلہ ہائے قادریہ چشتیہ سے مراجعت کر کے سہروردی سلسلے میں شامل ہو گئی ہے۔ جبکہ فقیر راحموں کہتے ہیں سینٹ میں صادق سنجرانی کی کامیابی اصل میں گیٹ نمبر ایک کے گیٹ نمبر تین والے مریدوں کی کامیابی ہے۔ یہ بھی کہ پیر خانے کو حق حاصل ہے کہ پرانے مریدوں کو آؤٹ آف ڈیٹ ہو جانے پر نئے مرید بھرتی کرے۔ دیکھنا یہ ہے کہ "پیر” کب آؤٹ آف ڈیٹ ہوتا ہے۔

Views All Time
Views All Time
296
Views Today
Views Today
8

Leave a Reply