Skip to Content

Qalamkar | قلم کار

جہالت، ظلم اور ناانصافی کے خلاف برسرپیکار

روزہ خوروں کی نشانیاں

by مئی 15, 2018 مزاح
روزہ خوروں کی نشانیاں
Print Friendly, PDF & Email

رمضان سر پر ہے لہذا اِس کی تیاریاں بھی پورے عروج پر ہیں۔ جن لوگوں نے روزے رکھنے ہیں وہ زیادہ سے زیادہ اس بات کی تیاری کر رہے ہیں کہ کھجوریں‘ بیسن اور بھلّیاں پہلے سے خریدلی جائیں اور جنہوں نے روزے نہیں رکھنے وہ اِس بات کے لیے فکر مند ہیں کہ سالن تو فریج سے مل ہی جائے گا‘ روٹیاں کہاں سے لگوائیں؟ رمضان میں 90 فیصد بیگمات کا سب سے پہلا اعتراض یہی ہوتاہے کہ کچن میں اگر کچھ بنایا تو ساتھ والوں کے گھر سالن کی مہک جائے گی اور شک پڑ جائے گا کہ ہم لوگ روزے سے نہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ہمسائے سے بے شک دوپہر ڈیڑھ بجے ہی بھنڈیوں کے تڑکے کی مہک آنا شروع ہوجائے۔میرے دوست ’اچھو بیکولائٹ‘نے چونکہ روزے نہیں رکھنے ہوتے لہذا رمضان سے پہلے ہی تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرلیتاہے۔ اچھو کی بیوی پورے روزے رکھتی ہے لہذا اچھو کو پتا ہے کہ کھانا نہیں ملے گاتاہم اِس کا حل اُس نے پچھلے رمضان میں ہی نکال لیا تھا۔ سحری کے وقت ہی بیگم سے دو تگڑے پراٹھے بنوا لیتا اور لپیٹ کے رکھ دیتا۔ صبح سالن میں لپیٹ کر پراٹھے ساتھ دوکان پر لے جاتا اور وہاں لنچ کے طور پر استعمال کرلیتا۔ میرا خیال تھا کہ اب کی بار بھی وہ ایسا ہی کرے گا لیکن پتا چلا کہ اب اس نے ٹھنڈے پراٹھوں سے لطف اندوز ہونے کی بجائے گرم روٹی کا انتظام کیا ہے۔ تفصیل پوچھی تو کہنے لگا’’میں نے روٹیاں بنانی سیکھ لی ہیں اور دوکان پر ایک گیس والا چولہا بھی رکھ لیا ہے۔۔۔کھانے کا انتظام بھی ہوجائے گااور بہترین کمائی بھی ہوجائے گی‘‘۔ میں چونکا’’کمائی کیسے ہوگی؟‘‘۔ اُس نے قہقہہ لگایا’’بھائی صاحب! میں نے اپنی دوکان کے اردگرد کے علاقوں کے تمام روزہ خوروں کا واٹس ایپ گروپ بنا کرمیسج کردیا ہے کہ دوپہر تین بجے مبلغ پندرہ روپے میں تازہ روٹی میری دوکان کی عقبی سمت میں دستیاب ہوگی۔۔۔ایڈوانس بکنگ جاری ہے‘‘۔

یہ جو اکثر سموسے پکوڑے تین بجے ہی لگنے شروع ہوجاتے ہیں اِن کے زیادہ تر گاہک بھی روزہ خور ہوتے ہیں ورنہ روزے دار تو عموماًدس پندرہ منٹ پہلے یہ چیزیں خریدتے ہیں۔روزہ خوروں کی بڑی نشانی یہ ہے کہ افطاری بھی کر رہے ہوں تو ایسے ہشاش بشاش ہوتے ہیں گویا سحری کررہے ہیں۔’اچھو بیکولائٹ‘ کہتا ہے کہ’’ فی الوقت جو شخص سخت گرمی میں بھی نہایت تمیز سے بات کرے اور افطاری کے وقت اِشارے پر رُکے اُس کے بارے میں گمان رکھنا چاہیے کہ یقیناًروزہ خور ہے ‘‘۔آپ نے ایسے لوگ بھی دیکھے ہوں گے جو رمضان میں کسی قریب کھڑے شخص سے بات کرتے وقت اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لیتے ہیں‘ یقیناًاِن میں سے کئی روزے سے بھی ہوتے ہوں گے لیکن کئی آلو انڈے کی خوشبو بھی روکنے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں۔ روزہ خورعین افطاری کے وقت مسجد میں ہوتے ہیں اور جماعت کھڑی ہونے تک باہر کھسک جاتے ہیں ۔یہ افطاری میں شربت کی بجائے تین سموسے اکٹھے اٹھاتے ہیں۔یہ بار بار فریج سے پانی کی بوتل نکال کر منہ پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے مارنے جاتے ہیں۔افطاری سے ایک گھنٹہ پہلے تک یہ نہایت اطمینان سے سڑک پر کھڑے کوئی اشتہار پڑھ رہے ہوتے ہیں۔ اِنہیں کہیں نہ بھی جانا ہو پھر بھی دن میں ایک چکر ریلوے اسٹیشن ‘ ہسپتال یا لاری اڈے کا ضرور لگاتے ہیں۔یہ صرف مغرب کے وقت مسجد میں نظر آتے ہیں۔یہ اپنے کولیگز سے بار بار کہتے نظر آتے ہی’’یار اگر روزہ نہیں رکھا تو کچھ کھا پی لو‘ مجھے کوئی اعتراض نہیں‘‘۔ایسے لوگوں کی اکثریت دن میں دو تین دفعہ دفتر کی چھت یا کسی ایسے کونے کا ضرور وزٹ کرتی ہے جہاں عام حالات میں کوئی نہیں جاتا۔یہ پہلے روزے سے ہی پوچھنا شروع ہوجاتے ہیں’’باقی کتنے رہ گئے؟‘‘۔یہ دفتر میں بات بات پر قہقہہ لگاتے ہیں۔اِن سے اگر پوچھا جائے کہ’روزہ ہے؟‘۔

یہ بھی پڑھئے:   لسوڑھے - ساجدہ سلطانہ

تو ازلی جواب دیتے ہیں’’ہاں بھئی روزہ تو ہے‘‘۔لیکن اگر کوئی واضح پوچھ لے کہ ’’بھائی جی آپ کا روزہ ہے؟‘‘۔ تو انتہائی انکساری سے 10 پرسنٹ مسکرا کر نقاہت بھرے انداز میں آگے نکل جاتے ہیں۔افطاری کے وقت سب سے پہلے اِن کی آواز بلند ہوتی ہے’’میراخیال ہے روزہ کھول لینا چاہیے ٹائم تو ہوگیا ہے‘‘۔ یہ لوگ سارا دن اپنے ڈکار کو ہچکی میں تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایسے لوگ اکثر تپتی دوپہر میں چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں اور سگریٹ والی دوکانوں کو غور سے دیکھتے ہوئے گذرتے ہیں۔اِن کے لیپ ٹا پ کے بیگ میں بُرے وقت کے لیے ایک سیب ہمیشہ موجود رہتا ہے۔چونکہ یہ روزہ خور ہوتے ہیں لہذا کئی دفعہ جب اِنہیں کوئی افطار پارٹی پر بلاتا ہے تو یہ بے دھیانی میں پوچھ بیٹھتے ہیں’’کتنے بجے ہوگی؟‘

۔دفتر میں نماز کا وقت ہوجائے اور سارا سٹاف نماز کے لیے جمع ہو تو اکثر یہ لوگ دفتر میں موجود ہونے کے باوجود نماز میں تین چار منٹ بعد شریک ہوتے ہیں۔یہ اکثر دفتر کے کچن میں وضو کرنے جاتے ہیں اورکھانے کے لیے اور کچھ نہ ملے تو خشک دودھ کے ڈبے سے دو چار چمچ پھانک آتے ہیں۔یہ روزہ نہیں رکھتے اس کے باوجود اِنہیں سب سے زیادہ روزہ لگتاہے۔اِن کا پسندیدہ لباس پینٹ شرٹ ہوتاہے لیکن رمضان میں یہ تین جیبوں والی شلوار قمیص پہننا شروع کر دیتے ہیں۔اِن کی شدید خواہش ہوتی ہے کہ اتوار کے روز اِن کی بیگم اور بچے اپنی نانی کی طرف چلے جائیں۔یہ سفر میں ہوں اور بس کسی سٹاپ پر رُکے تو یہ سب سے پہلے پردے والا ہوٹل ڈھونڈتے ہیں اور اندر گھستے ہی لیگ پیس کا آرڈر کرتے ہیں۔اِنہیں افطاری کے فوراً بعد برگر کی طلب ہونے لگتی ہے۔یہ اکثر پانی کی بوتل اپنے نیفے میں اڑیس لیتے ہیں اور چھ سات سٹرا جوڑ کر اُن کا سِرا گریبان کے قریب سے نکال لیتے ہیں اور وقفے وقفے سے نڈھال ہوکر یوں سر جھکا لیتے ہیں گویا بے حال ہوگئے ہوں۔رمضان میں اِن کے دل میں اچانک غیر مسلموں کے لیے محبت جاگ اٹھتی ہے۔یہ دفتر کے ملازم کو دوپہر ایک بجے سے کہنا شروع کر دیتے ہیں کہ ’’یار افطاری کے وقت رش ہوجاتاہے ذرا بازار کا چکر لگالو۔۔۔اوردہی بڑے لگنا شروع ہوگئے ہوں تو ایک پلیٹ پیک کروالینا‘‘۔

یہ بھی پڑھئے:   رمضان کیا سے کیا ہوگیا؟ | وسعت اللہ خان

اِنہیں کھانے کا اور کوئی بہانہ نہ مل رہا ہو تو سب کے سامنے نمکو کھانا شروع کر دیتے ہیں‘ کوئی توجہ دلائے تو’’اخ تھو‘‘ کہتے ہوئے یوں واش روم کی طرف دوڑتے ہیں گویا انجانے میں تین پیکٹ کھاگئے ہوں۔یہ اپنا حلیہ پورا روزے دار والا بنائے رکھتے ہیں۔۔۔یعنی بڑھی ہوئی شیو‘ شکل پر تھکاوٹ‘ لبوں پر پیاس اور سر پر باریک سوراخوں والی سفید ٹوپی۔۔۔لیکن اس کے باوجود یہ پکڑے اُس وقت جاتے ہیں جب اِن کی ڈسٹ بن سے ’کپ کیک‘ کے ریپر اور سگریٹ کے ٹوٹے برآمد ہوتے ہیں۔ایسے لوگ اگر موٹر سائیکل والے ہوں تو ہیلمٹ کی صورت میں اِنہیں اور بھی آسرا مل جاتا ہے۔ کالا شیشہ منہ کے آگے کرتے ہیں اور جیب سے اکٹھے دو دو بسکٹ نکال کر کوٹاپورا کیے رکھتے ہیں۔ایک بھی روزہ نہ رکھنے کے باوجود اِن کے نخرے دیکھنے والے ہوتے ہیں‘ جوتی بھی ٹوٹی ہو تو موچی کے پاس جانے کا پروگرام بھی رمضان کے بعد کا رکھتے ہیں۔روزہ خوروں کی اس سے بڑی نشانی اور کیا ہوگی کہ یہ لوگ عین افطاری کے وقت بھی فیس بک پر رمضان کے حوالے سے کوئی بابرکت پوسٹ شیئر کر رہے ہوتے ہیں. بشکریہ روزنامہ دنیا

Views All Time
Views All Time
131
Views Today
Views Today
6
Previous
Next

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

%d bloggers like this: