خراچی ،کچراچی اور رشوت العباد – ڈاکٹر عباس برمانی

Print Friendly, PDF & Email

لالو کھیت کے میرے بھائیو بہنو بزرگو ماؤں بیٹیو! میں آپ سب کو سلیوٹ کرتا ہوں کہ آپ را کے ایجنٹوں کے خوف کا حصار توڑ کر لاکھوں کی تعداد میں یہاں پہنچے ہیں ، یقینا یہ لالوکھیت کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہے ، کراچی کے عوام کی محبتیں دیکھ کر اور را کے خلاف ان کی بڑھتی ہوئی نفرتیں دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ جب ہم نشتر پارک میں بڑا جلسہ کریں گے تو وہاں کروڑوں لوگ موجود ہوں گے…..
میں نے جب کہا تھا کہ الطاف حسین ہیپی آور میں را کی لکھی ہوئی تقریریں پڑھتا ہے تو فاروق ستار اور رشوت العباد دونوں نے مجھ پر ہیپی آور میں ہونے کا الزام لگایا …. ہاں میں ہیپی آور میں ہوتا ہوں لیکن میرا ہیپی آور وہ ہوتا ہے جب میں محب وطن اور را مخالف مہاجر عوام کے درمیان ہوتا ہوں اور ہیپی ہیپی ایک دو آور تقریر کرتا ہوں…..
لالو کھیت کے محب وطن مہاجر عوام میں نے کراچی میں جتنے میگا پروجیکٹ مکمل کیے وہ آپ کے سامنے ہیں ،خدا کی قسم میں نے لالو کھیت کے لئے بھی دن رات محنت کر کے میگا پروجیکٹس کے منصوبے بنائے تھے لیکن را نے وہ فائیل غائب کر دی اور خدا کی قسم مجھے یقین ہے کہ اس میں فاروق ستار کا ہاتھ تھا ، اس کے حواری بابر کانا ہمایوں لنگڑا اکبر ٹیڑھا شاہجہان گنجا اور اورنگزیب لنجا کام ہی یہی کرتے تھے یعنی را کے لئے قومی مفاد پر مبنی فائلیں چوری کرنا….. ایک اور ٹیم کا بھی ذکر کر دوں جو لینڈ ریکارڈز کی فائلیں چوری کرتی تھی اور جس کی نگرانی خود چائنہ کٹنگ کا امام رشوت العباد کیا کرتا تھا اور اس ٹیم میں سکندر بھیڑیا ایوب لگڑبگڑ یحیی کن کٹا ضیاء نک کٹا اور پرویز گیدڑ شامل تھے .. . یہ دونوں ٹیمیں انڈیا سے تربیت لے کر آئی تھیں ، کس کس کا ذکر کروں ، را کی تربیت یافتہ ایسی بےشمار ٹیمیں تھیں .. .
الطاف حسین کا سب سے بڑا جرم یہ ہے کہ اس نے پاکستان کی بانی ، ملک کی مہذب ترین اور سب سے زیادہ تعلیم یافتہ قوم یعنی آپ کو را کا ایجنٹ بنا دیا ، آج ہمارے نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم کتابیں فائلیں لیپ ٹاپ نہیں ٹی ٹی ماؤزر کلاشنکوف اور نائن ایم ایم ہیں اور آج وہ ڈاکٹر عبدالقدیر ،سلیم الزماں صدیقی، جلیل الدین عالی ،رئیس امروہوی اور شاہد دہلوی نہیں بلکہ دانیال بھینسا، آصف بھتہ ، سعد کمینہ ، شہباز قاتل زبیر جھوٹا اور طارق ہتھوڑا وغیرہ وغیرہ ہیں ….. کتنا بڑا المیہ ہے یہ اور اس کے ذمہ دار کون ہیں ؟ خدا کی قسم یہی را کے ایجنٹ الطاف اور اس کی پارٹی کے دونوں ونگ ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان . ..
آج ہمارے پیارے کراچی کی حالت دیکھیے ہر طرف کچرے کے ڈھیر ہیں یہاں تک کہ روشنیوں کا شہر کراچی اب کچراچی کہلاتا ہے ، خدا کی قسم یہ ایک بہت بڑی بین الاقوامی سازش ہے جس میں را موساد اور ایم آئی 6 ملوث ہیں ، انہوں نے باقاعدہ پلاننگ کی ہے کہ کس طرح کراچی کو کچرے کے ڈھیروں اور گٹروں کے پانی میں غرق کر دیا جائے اور جو لوگ ان کے بموں کلاشنکوفوں اور سب مشین گنوں سے بچ گئے ہیں انہیں ملیریا، ڈینگی، چکن گونیا، کالرا اور نگلیریا سے مارا جائے اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے وہ اس ایجنڈے پر کامیابی کے ساتھ عمل پیرا ہیں …….. لیکن خدا کی قسم مصطفی کمال محب وطن مہاجر عوام کی مدد سے ان کے تمام شیطانی منصوبوں کو کچرے میں ملا دے گا…….
ہمارے کچھ ساتھیوں کو سانحہ بلدیہ اور دوسرے مجرمانہ کیسوں میں ملوث کیا جا رہا ہے ، خدا کی قسم یہ بھی را کی سازش ہے ، اور آپ یہ بھی دیکھیں کہ اگر جےآئی ٹیز میں کسی کو نام آیا ہے تو جو وقوعے ہوئے وہ پاک سرزمین پارٹی بننے سے پہلے ہوئے ، کیا آپ توبہ کے دروازے بند کرنا چاہتے ہیں ! کیا آپ چاہتے ہیں کہ کراچی کے مہاجر عوام پاکستان سے محبت نہ کریں را کے ساتھ جڑے رہیں ، اور بہت سے ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے یہ جرائم بقائمی ہوش حواس نہیں کیے ، خدا کی قسم مجھے کم از کم تین معتبر گواہوں اشرف خبیث ، طاہر ناپاک اور ودود مردود نے بتایا ہے کہ نائن زیرو میں را کے ماہرین نوجوانوں کو بھنگ پلا کر ہیپناٹائز کرتے تھے اور پھر ان سے قتل وغارت کرواتے تھے ، اور ان تمام امور کی نگرانی کوئی اور نہیں اس دور کا حسن بن صباح فاروق ستار کرتا تھا.
لالو کھیت اور تمام کراچی کے محب وطن اور را دشمن بھائیو بہنو ! آپ بخوبی جانتے ہیں کہ کسی تحریک کی کامیابی کے لیے سرمائے اور فنڈز کی کس قدر ضرورت ہوتی ہے اور یہ آپ سے بہتر کون جانتا ہو گا ……پاک سرزمین پارٹی نہ تو بھتہ لیتی ہے نہ کھالیں چھینتی ہے نہ چائنہ کٹنگ کرتی ہے ، ہم تو پیسے نہ ہونے کی وجہ سے ہیئر کٹنگ بھی نہیں کراتے……. اور نہ ہی ہمیں غیرملکی یا ملکی ایجنسیاں پیسے دیتی ہے ، لہذا آپ جس طرح لاکھوں کی تعداد میں میرے کارنر جلسوں میں شریک ہوتے ہیں اسی طرح آپ کو اربوں نہیں تو کروڑوں میں ضرور چندہ دینا ہو گا تاکہ ہم ایک کچرا فری اور را فری کچراچی معاف کیجے گا خراچی مطلب کرانچی اوہو کراچی بنا سکیں…
اسی کے ساتھ ہی میرا ہیپی آور ختم ہوا ، خدا آپ کا حامی و ناصر ہو اور آپ کو ہمیشہ رینجرز کی امان میں رکھے.

Views All Time
Views All Time
624
Views Today
Views Today
1
یہ بھی پڑھئے:   اردو بلاگستان اور پرفیوم چوک-محمد اسد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

%d bloggers like this: