Skip to Content

Qalamkar | قلم کار

جہالت، ظلم اور ناانصافی کے خلاف برسرپیکار

برما کے مجبو و مقہور مسلمان – آصف خورشید رانا

by نومبر 27, 2016 کالم
برما کے مجبو و مقہور مسلمان – آصف خورشید رانا
Print Friendly, PDF & Email

asif-khurshidوہ ایک زندہ جاگتا شخص تھاجسے آگ کے سرخ شعلوں نے لپیٹ رکھا تھا اس کی چیخیں شاید پتھر سے بھی ذیادہ سخت دل رکھنے والوں کو موم کر دیتیں لیکن بھرے مجمع میں کوئی بھی ایسا نہیں تھا جو اسے آگ سے بچا لیتا اس کے ارد گرد پولیس کا بھی ایک ہجوم تھا تاہم وہ سب خاموش کھڑے تماشا دیکھ رہے تھے بلکہ شاید وہ اس منظر سے لطف اندوز ہو رہے تھے انسانیت اس منظر کو دیکھ کر شرما رہی تھی تھوڑی ہی دور کچھ لوگ دوکانوں اور گھروں کو لوٹ کر انہیں نذر آتش کر رہے تھے یہ بدنصیب بھی شاید اسی بستی کا مکین تھا جسے نذر آتش کیا جا رہا تھا ،اس کا جسم جل کر سیاہ ہو رہا تھا ، مجمع میں سے شاید کسی کو اس پر رحم آگیا کہ ایک آواز آئی اس پر پانی ڈالو یہ آواز تھی کہ ایک دم سب خاموش ہو گئے لیکن اسی خاموشی کو توڑتے ہوئے ایک اور آواز آئی کوئی پانی نہیں اس کے لیے اسے مرنے دو۔ آگ لگی بستی میں سے ایک اور نوجوان آگ سے بچنے کے لئے باہر نکلتا ہے اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے لیکن ہجوم اسے قابو کر لیتا ہے اور آگ لگی بستی میں سے نکلنے کے جرم کی سزا مارنے اور پیٹنے کی شکل میں ملتی ہے جب مار مار کر ہجوم تھک جاتا ہے تو ایک بدھ بھکشو آگے بڑھتا ہے اس کے ہاتھ میں تلوار ہے اپنا پورا زور لگاتے ہوئے وہ تلوار سے کئی وار کرتا ہے اور بدحال نوجوان کی سانسیں اس کا ساتھ چھوڑ دیتی ہیں جب ہجوم کو یہ تسلی ہو جاتی ہے کہ اس نوجوان میں زندگی کی سانسیں باقی نہیں رہیں تو وہ تسلی کے ساتھ یوں آگے بڑھ جاتے ہیں جیسے کسی درندے کو ختم کیا ہو۔اس نوجوان کا یہ انجام دیکھ کر بہت سے لوگ آگ میں ہی زندہ جل گئے ان چیخیں آہستہ آہستہ اس ہجوم کے نعروں میں دب گئیں ، آپ سوچ رہے ہوں گے کہ شاید یہ کسی فلم کا منظر ہے نہیں ہر گز نہیں یہ اسی دنیا کا ایک حقیقی منظر ہے جہاں میڈیا آزاد ہے ، انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سینکڑوں این جی اوز کام کر رہی ہیں ، انسان تو بہت دور کی بات ہے اگر کہیں جانوروں پر بھی ظلم ہو تو دنیا بھر میں مظاہرے شروع ہو جاتے ہیں ان کے تحفظ کے لئے دنیا کی تمام تنظیمیں سڑکوں پر آجاتی ہیں اور جب تک انہیں یہ یقین دہانی نہ کروائی جائے کہ ان کو مناسب سہولتیں دی جائیں گی یہ لوگ گھروں کو واپس نہیں جاتے۔ لیکن اس انسانیت سوزی پر نہ تو عالمی تنظیموں کی جانب سے کوئی آواز بلند ہوتی ہے نہ میڈیا میں ان کو جگہ ملتی ہے ۔یہ مناظر دنیا کے کسی ایسے خطے کے نہیں بلکہ سب سے بڑی سیکولر ریاست بھارت ، بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ کے بیچ میں ایک چھوٹی سی ریاست برما جسے اب میانمار کہا جاتا ہے میں رونما ہوئے ان باسیوں کا قصور صرف یہ ہے کہ یہ مسلمان ہو کربدھ مت کے پیروکاروں سے اپنی الگ شناخت الگ شہریت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ الگ شناخت کا یہ مطالبہ اس قدر گراں گزرا کہ اب میانمار کے ارد گرد کا علاقہ تیرتی لاشوں سے بھرا پڑا ہے یہ ان لوگوں کی لاشیں ہیں جو بحری جہازوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث چھلانگیں لگانے پر مجبور ہو گئے ۔
ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے حال ہی میں کچھ سیٹلائٹ تصاویر جاری کی گئی ہیں جن کے مطابق بنگلہ دیش سرحد کے قریب واقع دیہاتوں میں روہنگیا مسلمانوں کے ایک ہزار سے زائد گھروں کو تباہ کیا گیا۔ برما کی بہادر افواج نے اس علاقے پر دھاوا بول دیا جہاں بدھ مت پیرو کاروں کے ستائے مسلمان رہائش پذیر ہیں ۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ تشدد سے 30ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ 19نومبر کو ان نہتے بے گھر اور مجبور و بے کس مسلمانوں کے خلاف فوجی کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں مسلمانوں کو شہید کر دیاگیا جبکہ 400سے زائد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ۔اس دوران مسلمانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا اور بہت سے افراد نے ان درندوں سے بچنے کے لیے دریا میں چھلانگیں لگا دی ۔ان افراد کا ابھی تک کوئی پتا نہیں کیونکہ سمندر کی بے رحم موجوں کی نذر ہونے والوں کی لاشوں کا ملنا بھی مشکل ہو تا ہے البتہ دو بچوں کی لاشیں ضرور ملی ہیں جواقوام عالم کی نام نہاد مہذب قوموں کے منہ پر کالک مل رہی ہیں ۔
پندرہویں صدی عیسوی میں خلیفہ ہارون الرشید کے دور میں یہاں چند تاجروں کے ذریعے اسلام کی روشنی پہنچی اور پھر برما میں دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑی تعداد نے اسلام قبول کر لیا برما میں بدھ بھکشوؤں کی حکومت نے اسلام کو اپنے لئے خطرہ محسوس کرتے ہوئے اس خطے پر قبضہ کر کے اس کا نام میانمار رکھ دیا 1824ء میں برطانیہ نے اس پر قبضہ کر لیا اور پھر 1938ء میں اسے آزاد کیا گیا لیکن اس کے باوجود مسلمان امن کے مذہب کے داعی بدھ بھکشوؤں کے رحم و کرم پر زندگی گزار رہے ہیں اور اس نام نہاد آزادی کے باوجود لاکھوں مسلمان اپنی اصل شناخت سے محروم ہیں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلم مٹاؤ پالیسی کا آغاز کیا گیا اور مسلمانوں کو مجبور کیا گیا کہ وہ اس علاقے سے ہجرت کر جائیں ان کے ساتھ جانوروں سے بھی ذیادہ بد تر سلوک کرنے کی وجہ سے پانچ لاکھ کے قریب مسلمان ہمسایہ ملک کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہو گئے لیکن بدقسمتی دیکھئے کہ ہمسایہ ملک نے بھی ان کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تحریک پاکستان کے وقت بھی برما کے روہنگیا مسلمانوں نے پاکستان میں شامل ہونے کی کوشش کی لیکن ان کا یہ مطالبہ رد کر دیا گیا 1962ء میں فوجی حکومت کے دوران مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کا آغاز ہوا جب ان پر تمام سرکاری اداروں کے دروازے بند کر دیے گئے اور پہلے سے موجود سرکاری ملازمتوں پر فائز مسلمانوں کو برخاست کر دیا گیا 1980ء میں ان پر حج سمیت دیگر مذہبی اجتماعات میں شرکت پر پابندی عائد کر دی گئی اور اسی وقت انہیں برما کا شہری تسلیم کرنے سے انکار کر دیا گیا اقوام متحدہ کے مطابق روہنگیا مسلمان دنیا کی سب سے ذیادہ ستائی جانے والی قوموں میں سے ایک ہیں۔2011ء کے بعد مسلمانوں کو حکم دیا گیا کہ وہ اس ملک سے نکل جائیں یا پھر مہاجر کیمپوں کا رخ کریں جہاں پہلے ہی چار لاکھ سے زائد مسلمان نہایت ہی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور جدیدیت کے اس دور میں جب دنیا گلوبل ولیج بن چکی ہے روہنگیا مسلمان ان کیمپوں میں ضروریات زندگی کے لئے دن رات ترستے ہیں حالیہ مسلم نسل کشی مہم کا آغاز مئی2012ء میں اس وقت ہوا جب فوج کے ہاتھوں گیارہ بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا گیا سرکاری سرپرستی میں شروع ہونے والی اس مہم میں بدھوں نے ایک ایک بس کو نشانہ بنایا جس میں مسلمان سوار تھے اور اسی دوران یہ افواہیں پھیلانا شروع کر دی گئیں کہ حکومت نے مسلمانوں کو برما سے نکالنے کا آغاز کر دیا ہے اور جو رضاکارانہ طور پر اپنے گھر بار چھوڑ کر جائے گا اسے سہولیات بھی دی جائیں گی جس کے ساتھ ہی مسلمانوں کی بستیوں پر انتظامیہ کی سرپرستی میں شدت پسند بدھوں نے حملہ کر دیا ایمنسٹی انٹر نیشنل کے مطابق ایک ہفتے میں 2000گھروں کو جلایا گیا ، ایک لاکھ مسلمان اس مہم کے نتیجے میں بے گھر ہو چکے ہیں اور 20,000سے زائد کو قتل جبکہ ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی گئی اوران بستیوں میں زندہ جل جانے والوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے یہ سب کچھ ایک ایسے مذہب کے پیروکاروں کی طرف سے کیا گیا جس کے بانی کا کہنا تھا بارش کے موسم میں کوئی بھکشو گھر سے باہر نہ نکلے مبادا اس کے پاؤں تلے برسات کے کیڑے نہ آ جائیں ۔ ایسا کیوں ہے اس کی سیدھی وجہ تو یہ ہے کہ دنیا میں ستاون سے زائد اسلامی ملک اپنی اصل شناخت کھو چکے ہیں اگر آپ ان کے وسائل کا اندازہ لگائیں تو صرف سعودی عرب کے پاس آئل کے ذخائر دنیا کے کل ذخائر کا 25.4%ہے، ایران ، عراق ، کویت اور دیگراسلامی ممالک اس کے علاوہ ہیں صرف مشرق وسطیٰ میں قدرتی گیس کا ذخیرہ دنیا کے مقابلے میں 40%ہے ازبکستان اور کرغستان کا شمار ان بڑے ممالک میں ہوتا ہیں جہاں سونے کے ذخائر موجود ہیں تاجکستان میں المونیم کے سب سے ذیادہ ذخائر پائے جاتے ہیں اگر مسلم دنیا کے زرعی ذخائر کا تخمینہ لگایا جائے تو مجموعی طور پر دنیا میں سب سے ذیادہ ذخائر انہی کے پاس ہوں گے ہیومن ریسورس کا سب سے بڑا ذخیرہ بھی مسلم دنیا کے پاس ہے آج جہاں مختلف ممالک پریشان ہیں کہ ان کی آبادی تیزی سے کم ہو رہی ہے لیکن مسلم دنیا میں یہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے ان کے پاس افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے دنیا میں سب سے ذیادہ رقبہ مسلم ممالک کے پاس ہے دنیا میں آٹھ بڑے ممالک ایٹمی قوت کے مالک ہیں اور ان آٹھ میں سے ایک مسلم ملک پاکستان بھی ہے لیکن ان سب کے باوجود یہ سب اتحاد و یکجہتی سے بہت دور ہیں ان ممالک کے حکمران اور عوام میں ایک بہت بڑا خلا ہے یہ لوگ کئی فرقوں میں بٹ چکے ہیں اور ہر فرقہ دوسرے فرقے کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتا ہے یہ اسلام کے اس آفاقی پیغام کو بھول چکے ہیں جو ان سب کو ایک لڑی میں پروتا ہے اور جس کی وجہ سے مشرق میں کسی ایک کے پاؤں میں کانٹا چبھنے پر مغرب کا مسلمان پریشان ہو جائے لہٰذا دنیا کی دوسری قوموں نے ان کی خامیوں کی بنیاد پر انہیں نشانہ بنانا شروع کر دیا او آئی سی ، اسلامی کانفرنس سمیت اسلامی ملکوں پر مشتمل تمام تنظیمیں اپنی ہی قوم کے مسائل حل کرنے میں ناکام نظر آئیں کیہنکہ ان کے حکمرانوں کی ڈور دوسروں کے ہاتھ میں ہے اور یہی وجہ ہے کہ کبھی برما میں ان کی نسل کشی کی جاتی ہے تو کبھی کشمیر میں ان کا قتل عام ہوتا ہے اسرائیل ایسا چھوٹا ملک بھی وسائل سے مالا مال عرب ریاستوں کو آنکھیں دکھاتا ہے اور یہ سب اس کے آگے بے بس نظر آتے ہیں اقوام متحدہ میں ان کی کوئی نہیں سنتا ، اور سنے بھی کیوں ؟علامہ اقبال نے تو بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ
ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات

Views All Time
Views All Time
583
Views Today
Views Today
1
یہ بھی پڑھئے:   سولہ جولائی 2016ء : تکفیری فاشزم کے خلاف تجدید عہد کا دن
Previous
Next

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

%d bloggers like this: