Skip to Content

Qalamkar | قلم کار

جہالت، ظلم اور ناانصافی کے خلاف برسرپیکار

اور لائن کٹ گئی …

by جولائی 23, 2016 بلاگ
اور لائن کٹ گئی …
Print Friendly, PDF & Email

Shahid Nawabعلی بھائی کی طرح تھا ۔ اس کی ترقی ہو گئی ۔ اب میں علی کو دوست رکھتا ہوں ۔ علی انگلینڈمیں ہوتا ہے۔ ویسے تو علی کہاں نہیں ہوتا۔ امریکا، دبئی ، سعودی عرب، ایران۔ اس کا فون آیا ۔
O عید مبارک۔
* اس بار تو پاکستان سعودی عرب میں ایک ساتھ عید ہوئی۔ کون سی عید کی مبارک باد دے رہے ہو۔
O چھوڑو یار۔ تم نے فون نہیں کیا۔
* میسیج کیا تھا ۔
O مسیج سے کیا ہوتاہے
* بچت۔
O اتنا پیساکہاں لے کر جاؤ گے؟
* جہاں کوئی چھیننے اور لوٹنے والا نہ ہو۔ یا آف شور کمپنی میں۔
O سنا ہے مفتی منیب کو ہٹایا جا رہا ہے۔
* مفتی منیب الرحمان، کرکٹ بورڈ کے شہریار خان اور دوسرے ہیں جنہیں ہٹانے کی خبریں ہیں۔خواہشیں ہیں۔ حسرتیں ہیں۔
O آج تم بڑے آرام اور سکون سے بات کر رہے ہو۔
* اس لیے کہ کال تم نے کی ہے۔
O تمہیں پتا ہے کہ یہاں لندن میں بادشاہ انکل کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی ہے۔
* اوہ۔۔ اب کیسی طبعیت ہے۔
O گھر چلے گئے ۔
* کس کے؟
O اپنے اور کس کے۔ تم کو تو معلوم ہے کہ ان کا گھر ایک بڑا محل ہے۔
* تمہارے بادشاہ انکل کھانے میں احتیاط نہیں کرتے۔
O اس مرتبہ کھانے کی نہیں ، چھپانے کی وجہ سے آپریشن ہوا۔
* چھپانے۔۔
O بادشاہ انکل ایک غیر ملکی خاتون کو دل دے بیٹھے۔
* دل دے بیٹھے۔ تو اوپن ہارٹ سرجری کیسے ہوئی؟
O چھوڑویار۔ مولانا عبد الستار ایدھی کے لیے کیا کہتے ہو؟
* مولانا ہو تو عبد الستار ایدھی جیسا۔ بابائے خدمت ۔ مدرسہ ہو تو سندھ مدرستہ السلام جیسا ۔ بابائے قوم کا مدرسہ
O میں تو کہتا ہوں کم از کم اس سال قربانی کی کھالیں سب ایدھی فاؤنڈیشن کو دیں۔
* تم لندن میں کہاں ٹہرے ہوئے ہو؟
O بھائی کے پاس۔
* ان سے پوچھ لو۔
O تم کمال کے آدمی ہو۔
* نہیں نہیں ۔ میں کسی کا آدمی نہیں۔ اللہ کا شکر ہے ابھی تک سنگل ہوں۔
O چھوڑو یار۔ قندیل بلوچ بے چاری کے ساتھ برا ہوا۔ اسے کس نے مارا۔
* بھائی نے ۔
O یار اپنے ملک میں تقریباً ہر قتل کے لیے پیچھے بھائی کا ہاتھ ہوتاہے۔ ریاست ، حکمران، علمائے کرام، سیاست دان ۔ کوئی انہیں روکنے والا نہیں۔
* سب بھائی بھائی ہیں۔
O یہ سب غیرت کے نام پر ہو رہا ہے ۔
* ہاں، بے غیرتی میں لپٹی ہوئی غیرت۔
O چھوڑو یار تم ڈاکٹر ذاکر نائیک صاحب کی وڈیو دیکھو۔ وہ رو پڑے وہ بتا رہے ہیں کہ انہوں نے یہ نہیں کہا، حضور ﷺ کو ماننا حرام ہے بلکہ وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ سے مانگناحرام ہے۔
* وہ اپنا نقطۂ نظر رکھنے میں آزاد ہیں۔ میرے ایک دوست نے اس وڈیو کے جواب میں شہید امجدصابری کی چینل پر پڑھی گئی آخری نعت لگا دی۔
O اور تم کو یہ کیسے معلوم کے امجد صابری شہید ہے۔
* اور تم کو یہ کیسے پتا کہ امجد صابری شہید نہیں۔
O امریکا میں ان سے ملاقات ہوئی تھی۔ کیا بندہ تھا یار۔۔۔سب سے پیار کرنے والا۔ یاروں کا
یار۔ہال میں موجود سب نے اس کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ مرد، عورت ، بچے ، جوان ۔ سب
افسردہ ہیں۔ قاتلوں کو ، کون پکڑے گا۔رینجرز تو چلی گئی ۔
* زیادہ دورنہیں گئی۔
O تمہارے خیال سے رینجرز کو اختیارات ملنے چاہیے یا نہیں؟
* ملنے چاہیے۔ بقول الطاف بھائی ۔ اختیار سب کے لیے۔
O چھوڑو یار ۔ میرے چاچا کی تین بیٹیاں ہیں۔ ان کو اب بیٹے چاہیے۔ کیا کریں؟
* جس نے یوسف رضا گیلانی، سجاد علی شاہ کو بیٹے دلائیں ہیں ۔ ان سے بات کریں۔
O یہ بتاؤ تم لندن کب آرہے ہو؟
* تم بلاتے ہی نہیں۔
کتنی بارتو کہہ چکا ہوں ۔ ویزا لگواؤ ، ٹکٹ میری طرف سے۔ اب کیا تم کو بلانے کے لیے جگہ جگہ
بینر لگواؤں کہ آجاؤ۔ آجاؤ۔ آجاؤ۔
* کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورے پر ہے تم میچز دیکھ رہے ہو؟
O ہاں یار۔ ہماری ٹیم لارڈز میں خوب جیتی ۔ میں وہیں تھا۔ عمران خان صاحب سے ملاقات ہوئی ۔
میں نے کہا، سر آپ یہاں کیا کر رہے ہیں۔ غصے میں بولے کہ میچ دیکھنے آیا ہوں ۔ آپ کیا سمجھ
رہے ہیں کہ اپنے لیے کوئی لڑکی دیکھنے آیا ہوں۔
* پرسنل نہیں۔
O چھوڑو یار۔۔ یہ بتاؤ انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز، ون ڈے سیریز میں کیا ہوگا؟
* پش اپس لگے گیں ۔ جیت گئے تو خوشی میں ہارے تو سزا کے طورپر ۔
O اگر ہمارے سیاست دان ، عالم ، صحافی ، آیو ڈین ملا نمک ، بادام کھائیں، واک کریں اور پش
اپس لگائیں تو واقعی تبدیلی آجائے گی۔
* اگر یہ سب ’’اپنا اپنا کھانا ‘‘ کم کر دیں تو لٹکی ہوئی توندیں اور بجٹ کاخسارہ ختم ہو جائے۔
O یاسر شاہ کے بارے میں کیا خیال ہے۔
* اچھا باؤلر ہے ، بس ایک برائی ہے۔
O وہ کیا؟
* اس کی شکل فٹ بالر میسی سے ملتی ہے۔
O میں میسی کا فین ہوں۔ یہ تم کیا کہہ رہے ہو۔
* یہ میں نہیں ، رونالڈو کے فین کہہ رہے ہیں۔
O تم کو رونالڈو پسند ہے کہ میسی۔
* پرویز رشید۔ ان دونوں سے اچھا دفاع ، اٹیک ، اسکور وہ کرتے ہیں۔
O اپنے ہی گول پر گول کر دیتے ہیں؟
* یہ کام رانا ثناء اللہ کا ہے۔
O چھوڑو یار۔ اس عید پر سندھ کے وزیر اعلیٰ کا کوئی بھنڈ ۔
* وہ بزرگ اور قابل احترام ہیں ۔ ان کو چھوڑو یار۔ اس عید پر ایک بکرا پریشان ادھر سے ادھربھاگ
رہا تھا۔ پتا چلاکہ وہ عید الفطر کو قربانی والی عید سمجھ رہا تھا ۔
O اور ملک کے حالات کیسے ہیں۔
* صبح سے آٹھ بجے تک اچھے رہتے ہیں۔ پھر خراب ہو جاتے ہیں۔
O رات آٹھ بجے کے بعد کیا ہوتا ہے؟
* چینلز پر ٹاک شوز شروع ہو جاتے ہیں۔
O یار یہ اینکر پرسن جنت میں جائیں گے کہ دوزخ میں؟
* جہاں سے اچھی آفر ہو گی وہاں جائیں گے۔
O میرے اور بھائی کے لیے آم کب بھیجو گے۔
* آم کتنے بھیجوں ؟
O بقول غالب ۔ میٹھے ہوں اور بہت ہوں۔
* کوئی لندن جانے والا ہوا ، اس کے ہاتھ بھیجوں گا۔
O تمہارا تو کوئی دوست ایسا نہیں۔ ہوگا بھی تو وہ وزن کی وجہ سے منع کر دے گا۔اپنے بہت سے لیڈر
لندن آتے رہتے ہیں۔ کسی سیاست دان کو پکڑو۔
* یہ میرا نہیں ۔ نیب کا کام ہے۔
O کراچی کے میئر نے حلف اٹھا لیا؟
* ابھی تو خود ان کو ہی اٹھا لیا گیا ہے۔
O بلدیاتی الیکشن ہوئے آٹھ مہینے ہو گئے۔شرم نہیں آتی۔
* نو مہینے ہو جائیں ۔ پھر شائد کچھ آجائے۔
O ملک کے سب سے بڑے شہر میں بجلی ، پانی نہیں۔ کچرے ، غلاظت کے ڈھیر ہیں۔ صفائی نصف
ایمان ہے۔
* میں بھی کہتاہوں کہ کراچی والوں کو صفائی کا پورا پوراموقع ملنا چاہیے۔
O چھوڑو یار ۔کل فیس بک پر ایک وڈیو دیکھی۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ میں ہمارے گلوکار نے قومی ترانہ غلط
پڑھا۔ ویسے یار ہمارے قومی ترانے میں بہت مشکل اور گاڑھے الفاظ نہیں؟
* یہاں کراچی میں بھی لوگ کہہ رہے ہیں کہ اس میں سے ’’پاک سر زمین ‘‘ اور ’’کمال‘‘ کے
الفاظ نکال دیے جائیں۔
O چھوڑو یار۔ تم کراچی میں میرے ماموں سے مل لو۔
* وہ کہاں رہتے ہیں۔
O ڈیفنس میں۔ خیابانِ سحر میں۔
* میں وہاں نہیں جاؤں گا۔
O کیوں؟
* حکیم کے پاس نزلہ، زکام کے لیے بھی دوا لینے جاؤ تو لوگ کچھ اور سمجھتے ہیں۔ خیابانِ سحر جاؤں گا
تو لوگ کچھ اور سمجھیں گے۔
O چھوڑو یار، کشمیر کی سناؤ۔ بڑا ظلم ہوا ہے ادھر۔
* عمران خان ، پیپلز پارٹی بھی یہ ہی کہہ رہی ہیں کہ کشمیر میں بڑا ظلم ہواہے۔
O اور کراچی کا موسم کیساہے۔
* انتہائی خوش گوار۔ اب بار ش ہوئی کہ اب ہوئی مگر ابھی تک ہوئی نہیں۔
O بارش کیوں نہیں ہوتی؟
* ابھی کچھ دنوں پہلے جناب منظور الکونین کا انتقال ہوا ۔ اللہ درجات بلند فرمائے ۔ ان کی پڑھی ہوئی
ایک نعت کا شعر ہے۔
جب بھی سطح آب سے اٹھتی ہے رحمت کی گھٹا
کون سے خطے پہ برسوں پوچھتی ہے آپ سے
O واہ واہ۔ مجھے یہ نعت واٹس اپ کرو۔
* فی الحال میرے پاس اسمارٹ فون نہیں۔
O اب تو لے لو یار۔
* ایک صاحب کے گھرمہمان آئے گھرمیں بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی دیکھ کر مہمانوں نے کہا۔ آپ لوگ
رنگین ٹی وی کیوں نہیں لے لیے؟ان کے جانے کے بعد میزبان نے کہا۔ بتاؤ ہم غریبوں کو رنگین ٹی
وی لینے کا مشورہ دے رہے ہیں، جیسے ہم جان بوجھ کر نہیں لے رہے۔
O یار جتنی جلدی ہو تم تین کام کرو۔ شادی کرو، گاڑی لو اور اسمارٹ فون۔
* تم صرف ایک کام کرو۔
O کیا؟
* مجھے 50ہزارپاؤنڈ بھیجو ۔ میرا اکاؤنٹ نمبر لکھو اور۔۔۔۔اور لائن کٹ گئی۔

Views All Time
Views All Time
698
Views Today
Views Today
1
یہ بھی پڑھئے:   بڑے لوگ بڑی عادتیں - سید ثمر احمد
Previous
Next

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

%d bloggers like this: